نیویارک: اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی اسلاموفوبیا کے خلاف پیش کی گئی قرارداد منظور کر لی گئی جس میں تشدد کے خاتمے کیلئے ٹھوس کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے پیش کی جس میں اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس سے اسلاموفوبیا کے انسداد کیلئے خصوصی ایلچی کے تقرر کی سفارش کی گئی۔ قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی پاکستانی قرارداد کو 113ووٹ ملے جبکہ 44 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا جن میں بھارت اور یورپی ممالک شامل ہیں۔ قرارداد پیش کرنے کا مقصد عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کا عالمی دن 15مارچ یاد دلانا بھی تھا۔
جنرل اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اسلاموفوبیا کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا جس کو سماجی و ریاستی سطح پر روکنا ضروری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر جاری اپنے پیغام میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور اسلاموفوبیا کی عالمی سطح پر مذمت کے باوجود مسلمانوں کے خلاف تعصب، امتیازی سلوک اور تشدد بڑھا، جس کے خلاف اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
On the International Day to Combat Islamophobia today, the adoption of the Resolution on Measures to Combat Islamophobia by the UN General Assembly today underscores the need for renewed efforts to demolish all structures that promote anti-Muslim hate & policies (3/3).
— Munir Akram, PR of Pakistan to the UN (@PakistanPR_UN) March 15, 2024
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ہر روز اسلاموفوبیا پر مبنی واقعات رونما ہوتے ہیں اور گزشتہ برس قرآنِ پاک کی بے ادبی کے 7واقعات منظرِ عام پر آئے جن میں نام نہاد گائے کے محافظین کے ہاتھوں مسلمانوں پر تشدد سمیت مسلم مخالف نفرت انگیز تقاریر کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقعے پر جنرل اسمبلی سے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے متعلق قرارداد کی منظوری نئے سرے سے وہ تمام اسٹرکچرز مسمار کرنے کی کوششوں پر زور دینے کے مترادف ہے جن سے اسلاموفوبیا پر مبنی نفرت کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








