اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ہم منصب شہزادہ محمد بن سلمان کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے دوران دو طرفہ تعلقات پر سیرحاصل گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر گفتگو کی۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد تہنیتی پیغامات پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خادمینِ حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی ولی عہد اور فرماں روا کا بے پناہ احترام اور محبت کرتے ہیں۔ ہم سعودی حکومت اور سعودی عوام کو رمضان المبارک کی مبارکباد بھی دیتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے امن و آشتی کا پیغام لائے اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ ہم پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر سعودی عرب کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








