ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے کے بعد کشیدہ حالات کے پیش نظر پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تاحکمِ ثانی ایران کے سفر سے گریز کریں۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث ایران میں مقیم پاکستانی شہری غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ قریبی پاکستانی سفارت خانے یا قونصل خانے سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی پاکستانی شہری کو اضافی معلومات درکار ہوں یا کسی ایمرجنسی کا سامنا ہو تو وہ متعلقہ پاکستانی سفارتی مشن سے فوراً رابطہ کرے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








