روسی اندرونی خودمختار ریاست میں تعلیم حاصل کرنے والا پاکستانی طالب علم پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے 19 دن بعد مردہ حالت میں ملا۔
تفصیلات کے مطابق 22 سالہ ایم بی بی ایس کے طالبعلم، جو بشکیر اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی (Bashkir State Medical University) میں زیرِ تعلیم تھا، 19 اکتوبر کو لاپتہ ہوگیا تھا۔ پولیس نے اس کی گمشدگی کی تحقیقات شروع کیں، تاہم کئی روز کی تلاش کے بعد نوجوان کی لاش روس کے شہر اوفا (Ufa) میں ایک ڈیم کے قریب سے برآمد ہوئی۔
ذرائع کے مطابق متوفی کے والدین نے اپنے بیٹے کی میڈیکل تعلیم کے اخراجات پورے کرنے کے لیے تین بیگھہ زمین فروخت کی تھی۔ نوجوان کی اچانک موت نے خاندان کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
روسی حکام نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم موت کی وجوہات کے بارے میں تاحال کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ بشکیر یونیورسٹی روس کی اندرونی خود مختار ریاست بشکورتستان کے دارالحکومت اوفا میں واقع ہے۔ یہ یونیورسٹی روس کی معروف سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں بڑی تعداد میں غیر ملکی طلبہ، خاص طور پر بھارت، پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ، طب کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








