بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے شوہر راگھو چڈھا کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہوں نے عام آدمی پارٹی (AAP) چھوڑ کر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق راجیہ سبھا کے رکن کی جانب سے بی جے پی میں شمولیت کے اعلان کے بعد صارفین نے بڑی تعداد میں انہیں ان فالو کرنا شروع کر دیا۔ صرف 24 گھنٹوں کے اندر ایک ملین (10 لاکھ) سے زائد صارفین نے راگھو چڈھا کو ان فالو کر دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اعلان کے دن راگھو چڈھا کے فالوورز کی تعداد 14.2 ملین تھی، جو اب کم ہو کر تقریباً 12.5 ملین رہ گئی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر تقریباً 1.7 ملین فالوورز کی کمی واقع ہوئی ہے۔
دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے اور ترجمان سنجیو جھا نے اس پیش رفت پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے رضاکاروں اور حامیوں نے راگھو چڈھا کو انسٹاگرام پر ان فالو کرنا شروع کر دیا ہے، کیونکہ ان کے بقول انہوں نے پارٹی سے غداری کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے ان کے اس فیصلے کو قبول نہیں کیا۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ رپورٹس کے مطابق راگھو چڈھا سمیت عام آدمی پارٹی کے سات اراکینِ پارلیمنٹ نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کی مبینہ سیاسی تبدیلی کے بعد انہیں “غدار” اور “دھوکہ باز” جیسے القابات بھی دیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








