کراچی کے آسمان پر محوِ پرواز طیارے میں مسافر انتقال کرگیا جس کے باعث غیر ملکی طیارے نے شہرِ قائد میں ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز جی 9512 متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ سے بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ جارہی تھی کہ اس دوران 42سالہ مسافر کی طبیعت ناساز ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق طبیعت کی ناسازی پر کراچی کے ائیر ٹریفک کنٹرولر سے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی، جو دے دی گئی۔ طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرلی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے مسافر کا معائنہ کیا تو وہ انتقال کرچکا تھا۔ میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ائیر لائن انتظامیہ کے سپرد کیا گیا۔
مسافر کے انتقال اور طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد غیر ملکی طیارے کو منزل کی جانب لے جایاجانا تھا، اس لیے طیارہ صبح کے وقت انتقال کر جانے والے مسافر کی میت لے کر کراچی سے ڈھاکہ کی جانب روانہ ہوگیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








