انڈونیشیا میں ایک چھوٹے مسافر طیارے کے لاپتہ ہونے کی خبر نے ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔17 جنوری 2026 کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے کچھ دیر بعد طیارے سے فضائی کنٹرول حکام کا رابطہ اچانک منقطع ہو گیا۔
لاپتہ ہونے والا طیارہ انڈونیشیا ایئر ٹرانسپورٹ کا ATR 42-500 ٹربوپراپ تھا، جو یوگیاکارتا سے روانہ ہو کر جنوبی سولاویسی کے دارالحکومت مکاسر جا رہا تھا۔ طیارے میں مجموعی طور پر 11 افراد سوار تھے، جن میں 8 عملے کے ارکان اور 3 مسافر شامل تھے۔ یہ پرواز انڈونیشیا کی وزارتِ سمندری امور اور ماہی گیری نے چارٹر کر رکھی تھی اور اسے ماہی گیری کی نگرانی سمیت دیگر سرکاری مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
فضائی حکام کے مطابق طیارے کا آخری معلوم مقام مکاسر کے قریب ماروس ریجنسی کا پہاڑی علاقہ تھا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو اپروچ پاتھ درست کرنے کی ہدایات جاری کیں تاہم اس کے فوراً بعد ریڈیو رابطہ منقطع ہو گیا جس پر ایمرجنسی مرحلے کا اعلان کر دیا گیا۔
طیارے کی تلاش کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی (Basarnas) فضائیہ، پولیس، فوجی دستے اور رضاکار ٹیمیں مشترکہ طور پر کارروائی میں مصروف ہیں۔ ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ زمینی ٹیمیں دشوار گزار پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں سرچ آپریشن انجام دے رہی ہیں۔ حکام کے مطابق تقریباً 400 اہلکار اس کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔
کچھ غیر مصدقہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلوساراؤنگ پہاڑ کے قریب پیدل چلنے والوں نے طیارے کے نشانات والا ملبہ اور چھوٹے پیمانے پر آگ کے شعلے دیکھے ہیں۔ ان اطلاعات کی تصدیق کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں تاہم اب تک طیارے یا مسافروں سے متعلق کوئی حتمی اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔خراب موسم، گھنا جنگل اور کھڑی چٹانیں ریسکیو آپریشن میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔
ادھر طیارہ ساز فرانسیسی-اطالوی کمپنی ATR کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور کمپنی کے ماہرین انڈونیشیائی حکام اور ایئر آپریٹر کے ساتھ مل کر تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا ایک وسیع جزائر پر مشتمل ملک ہے جہاں ہوائی سفر جزیروں کو آپس میں جوڑنے کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے تاہم ملک کا ایوی ایشن سیفٹی ریکارڈ ماضی میں تشویشناک رہا ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران متعدد فضائی حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں گزشتہ سال ستمبر میں جنوبی کالیمانتان میں ہیلی کاپٹر حادثہ شامل ہے جس میں تمام 8 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ پاپوا میں پیش آنے والے ایک اور فضائی حادثے میں 4 افراد جان سے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








