بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد کے سامنے ایک بار پھر اپنا مؤقف دہرایا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلادیشی ٹیم کے میچز بھارت کے بجائے کسی دوسرے مقام پر منتقل کیے جائیں۔
بی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دارالحکومت ڈھاکہ میں آئی سی سی کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی شرکت سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر بی سی بی نے باضابطہ طور پر مطالبہ کیا کہ بنگلادیش کے تمام میچز سری لنکا یا کسی دیگر موزوں مقام پر شیڈول کیے جائیں۔
اجلاس کے دوران بنگلادیشی حکومت کی ہدایات اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات آئی سی سی وفد کے سامنے رکھے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کا ماحول تعمیری، خوشگوار اور پیشہ ورانہ رہا اور دونوں فریقین نے تمام نکات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔
بی سی بی نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ لاجسٹک مسائل کو کم سے کم رکھنے کے لیے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ کے کسی دوسرے گروپ میں شامل کرنے کے امکان پر غور کیا جا سکتا ہے تاکہ شیڈول میں بڑی تبدیلیوں سے بچا جا سکے۔
آئی سی سی کے وفد میں جنرل منیجر ایونٹس اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشنز گوروو سکسینا اور جنرل منیجر انٹیگریٹی یونٹ اینڈریو ایفرگریو شامل تھے۔ گوروو سکسینا ویزا میں تاخیر کے باعث اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔
بی سی بی کی نمائندگی صدر امین الاسلام، نائب صدر شکاوت حسین سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران نے کی۔اجلاس کے اختتام پر دونوں اداروں نے اس معاملے پر مزید مشاورت اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ یہ مسئلہ خطے میں حالیہ سیاسی اور سیکیورٹی تناؤ کے تناظر میں سامنے آیا ہے جس میں مصطفیٰ ظہیر رحمان کو آئی پی ایل ٹیم سے باہر کیے جانے کا واقعہ بھی ایک اہم عنصر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








