کراچی میں جاری 50ویں نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ (این بی پی کے تعاون سے) کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں کئی چونکا دینے والے نتائج سامنے آئے ہیں جہاں ٹاپ سیڈڈ کھلاڑیوں کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے اپ سیٹ میں تین بار کے عالمی چیمپئن محمد آصف ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ محمد آصف کی ناکامی نے شائقینِ سنوکر کو حیران کر دیا، کیونکہ وہ ٹورنامنٹ کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے تھے۔
ایک اور اہم مقابلے میں شاہ خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد کو 4-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ یہ کامیابی شاہ خان کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
دیگر پری کوارٹر فائنل مقابلوں کے نتائج درج ذیل رہے:
خضر عزیز نے صہیب اسد کو شکست دی
عبدالجاوید نے آکاش رفیق کو ہرایا
وسیم عباس نے علی زمان خان پر فتح حاصل کی
شاہد آفتاب نے محمد یوسف کو زیر کیا
مدثر یعقوب نے دانیال شہزاد کو شکست دی
ایم فیضان نے ایم فرحان کو ہرایا
اویس اللہ منیر نے ذوالفقار اے قادر کو شکست دی
ایم شہباز نے شاہ زیب رفیق کو ہرا دیا
برجیس خان نے آفتاب بیگ کے خلاف کامیابی حاصل کی
یہ تمام مقابلے این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر جمنازیم ہال میں کھیلے جا رہے ہیں جہاں ٹورنامنٹ اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
ان نتائج نے پاکستانی اسنوکر میں ایک نیا اور دلچسپ موڑ پیدا کر دیا ہے، کیونکہ کئی نامور اور تجربہ کار کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ اب شائقین کی نظریں آنے والے مقابلوں پر مرکوز ہیں کہ کون سے نئے کھلاڑی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








