وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے دعوے سے کہا ہے کہ اگر میں نہ چاہوں تو وزیرِ اعظم عمران خان کی وفاقی حکومت ایک دن بھی مزید قائم نہیں رہ سکتی لیکن میں احسانات کے باعث تن من دھن سے ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان سے پرجوش خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حزبِ اختلاف کی سیاسی جماعتیں میری عزت کرتی ہیں اور میں بھی اراکینِ پارلیمان کا خیال رکھتا ہوں۔ کوئی مجھے سیاست میں دھوکہ دے، یہ ہونہیں سکتا۔
خطاب کے دوران وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اگر میری خواہش نہ ہو تو وزیرِ اعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت ایک دن بھی نہ چل سکے، تاہم عمران خان کے احسانات کے باعث ہم تن من دھن سے وزیرِ اعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہان نے ماضی میں عوام کا پیسہ اڑایا اور چوری پر پردہ ڈالنے کیلئے بدعنوان ٹولہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے جبکہ پی ڈی ایم میں اختلافات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم شدید اختلافات کے باعث اپنے مصنوعی اتحاد سے بہت جلد محروم ہوجائے گی، آج کل جو مہنگائی پیدا ہورہی ہے، انہوں نے آج کل پیدا ہونے والی مہنگائی کا ملبہ سابقہ حکمرانوں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی غلط پالیسیاں پاکستان کو قرضوں میں ڈبو چکی ہیں۔ عوام کو مہنگائی سے نکالنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ پرویز خٹک
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








