اسلام آباد: مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے لئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، پیٹرول ساڑھے 8روپے فی لیٹرمہنگا ہونے کا امکان، سمری ارسال کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بھجوائی گئی سمری میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے پچاس پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے، قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
دوسری جانب واضح رہے کہ عالمی منڈی میں یوکرین پر ممکنہ روسی حملے اور ممکنہ پابندیوں کے خدشات کے پیشِ نظر تیل کی قیمت 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
برینٹ کروڈ فیوچر کی قیمت 95 اعشاریہ 56ڈالر فی بیرل سے 1.12 ڈالر کے اضافے کے بعد 96.16 ڈالر فی بیرل تک جاپہنچی جو اکتوبر 2014 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یوکرین روس تنازعہ تیل کی قیمت میں اضافے کا باعث ہے۔
یوکرین پر روس کے کسی بھی وقت حملے کے خدشات کے پیشِ نظر امریکی میڈیا جو خبریں نشر کر رہا ہے، ان کے پیشِ نظر سرمایہ کاروں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ روس یوکرین پر کسی بھی بہانے سے حملہ کرسکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے کسی بھی وقت اوپر جاسکتی ہیں جبکہ یوکرین سے مکمل یا کنٹرولڈ جنگ کی صورت میں تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل یا اس سے بھی زیادہ بڑھ جانے کے امکانات ہیں۔
مزید پڑھیں: نیا منی بجٹ لایا گیا تو سینکڑوں کارخانے بند ہوجائیں گے،میاں زاہد حسین
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








