وزیراعظم سے فنڈز منظور، آزاد کشمیر میں بجلی اور آٹا کتنا سستا؟ جان کر حیرت ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعظم
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کیلئے 23ارب روپے کے فنڈز کی فوری فراہمی کی منظوری دیتے ہوئے بجلی اور آٹا سستا کرنے کی راہ ہموار کی جبکہ آزاد کشمیر حکومت نے فنڈز کی منظوری ملنے کے ساتھ ہی عوام کو ریلیف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج آزاد کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس کے دوران 23ارب کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق، وفاقی وزراء اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں گزشتہ 2 روز سے جاری موبائل اور انٹرنیٹ کی بندش بھی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے نفاذ کی صورتحال تاحال مخدوش ہے تاہم آزاد کشمیر حکومت نے شہریوں کو آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں فوری ریلیف فراہم کردیا۔

بعد ازاں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت نے شہریوں کو بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں فوری ریلیف بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن سامنے آنے کے بعد بجلی کی نئی قیمتیں بھی سامنے آگئیں:

  • ایک سے 100 یونٹ تک: 3 روپے فی یونٹ
  • 100 سے 300 یونٹ تک: 5 روپے فی یونٹ
  • 300 یونٹ سے زائد: 6 روپے فی یونٹ
  • کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی نئی قیمتیں درج ذیل ہیں:
  • ایک سے 100 یونٹ تک: 10 روپے فی یونٹ
  • 100 سے 300 یونٹ تک: 12 روپے فی یونٹ
  • 300 یونٹ سے زائد: 15 روپے فی یونٹ

دوسری جانب محکمۂ خوراک نے سرکاری فائن آٹے کی نئی قیمتیں بھی نافذ کردیں جو مندرجہ ذیل ہیں:

  • 20 کلو گرام فائن آٹا: 1000 روپے
  • 40 کلو گرام فائن آٹا: 2000 روپے

آزاد کشمیر حکومت کا کہنا ہے کہ بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا مقصد عوام کو مہنگائی سے راحت فراہم کرنا ہے نیز وہ عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کرے گی۔

خیال رہے کہ سستی بجلی اور آٹے کے مطالبات کے حق میں پرتشدد احتجاج کے بعد پاکستان زیر انتظام کشمیر کے مختلف اضلاع سے مظفرآباد کے لیے نکلنے والا لانگ مارچ پیر کو دھیر کوٹ کے مقام پر پہنچ چکا ہے اور آزاد کشمیر حکومت کی مشکلات تاحال کم نہیں ہوسکیں۔

Related Posts