اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے گرین سگنل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ان کے ساتھی جو کہہ رہے ہیں، اگر وہ مذاکرات کے خواہش مند ہیں تو حکومت بھی تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کل تحریکِ انصاف اور ان کے ساتھی ڈائیلاگ کا ذکر کر رہے ہیں۔ میں اسمبلی میں بارہا کہہ چکا کہ اگر تحریکِ انصاف سنجیدہ مذاکرات کرتی ہے تو حکومت بھی تیار ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات غیر قانونی مطالبات پر یا بلیک میلنگ کے ساتھ نہیں ہوسکتے۔ ڈائیلاگ صرف جائز معاملات کی روشنی میں آگے بڑھ سکتا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں میں ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل اپوزیشن اتحاد تحفظِ آئین پاکستان نے مذاکرات کیلئے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں صاف و شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا تھا اور 8 فروری کو بین الاقوامی سطح پر یومِ سیاہ منانے کا بھی اعلان کیا گیا اور عوام کو متحرک کرنے کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی۔
دو روزہ قومی مشاورتی کانفرنس کے اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شفاف انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہیں، مطالبہ کیا گیا کہ حکومت نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کرے اور صاف و شفاف انتخابات منعقد کیے جائیں تاکہ ریاست پر عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








