اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندی پر، 2سال میں 300فیصد تک منافع ریکارڈ

تازہ ترین

تازہ ترین

اسٹاک مارکیٹ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخی بلندی پر ہے ، گزشتہ 2 سال میں 300فیصد تک منافع ریکارڈ کیا گیا جبکہ غیرمعمولی کارکردگی کے باعث اسٹاک ایکسچینج کا عالمی سطح پر صفِ اوّل کی مارکیٹس میں شمار ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج نئی تاریخی بلندیوں کو چھونے لگی۔ حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔

رواں ماہ کے وسط تک کے ایس ای 100 انڈیکس 1لاکھ 71 ہزار 500پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کرچکا ہے۔ جون 2025 سے اب تک اسٹاک ایکسچینج نے امریکی ڈالرز میں 47فیصد ریٹرن دیا۔ اسی عرصے میں پاکستانی روپے میں ریٹرن 48فیصد رہا۔

ماہرین معاشیات کا ماننا ہے کہ معاشی استحکام، اصلاحات کا تسلسل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کے اسباب میں شامل ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھ کر ساڑھے 4لاکھ تک جا پہنچی۔

جون 2024 سے نومبر 2025کے دوران 1لاکھ 20ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار اسٹاک ایکسچینج میں شامل ہوئے۔ مجموعی عوامی مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی تعداد 10لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ جنوری سے ستمبر کے دوران سالانہ کاروباری منافعے میں 14فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی سے ستمبر تک یہ اضافہ 9فیصد رہا جس کی بڑی توجہ منافعے کی شرح میں کمی ہے۔ میوچؤل فنڈز کی مجموعی سرمایہ کاری 4کھرب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2026کے دوران 16سے زائد نئی کمپنیاں شامل ہوں گی۔

ملک بھر میں بلین ڈالر مالیت کی کمپنیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا جو 18سے زائد ہے۔ ماہرین معاشیات کا ماننا ہے کہ یہ تمام اشاریے اسٹاک مارکیٹ میں روشن معاشی امکانات کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔

Related Posts