اسلام آباد: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نمازِ جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ادا کردی گئی ہے۔ نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور اراکینِ اسمبلی شریک ہوئے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق حماس کے شہید سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد دعائے مغفرت کی گئی۔ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر آج ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جارہا ہے جس کا اعلان وفاقی حکومت نے کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق آج قومی اسمبلی میں حماس کے شہید رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے خلاف مذمتی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ قرارداد وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پیش کی تھی جس میں قاتلانہ حملے کی مذمت کی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیلی مظالم کے باعث 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے، قومی اسمبلی اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتی ہے۔ ہم فلسطینی بھائیوں کی حمایت اور غزہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو سابق فلسطینی وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو قاتلانہ حملہ کرکے شہید کردیا گیا تھا۔ حماس نے دعویٰ کیا کہ اسماعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹس نے نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکومت اور حماس دونوں نے اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








