اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان ازبکستان کے 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے آج روانہ ہوں گے اور پاک ازبک تجارتی فورم میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے ازبکستان روانہ ہورہے ہیں، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی کابینہ کے اراکین بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ازبکستان پہنچیں گے۔
سرکاری دورے کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ خارجہ ازبکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران تجارت، دوطرفہ معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔
پاک ازبک تجارتی فورم میں شرکت بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ ازبکستان کے شیڈول کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان بین الاقوامی پاک ازبک تجارتی فورم کے خصوصی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی جس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ افغانستان کا امن خطے کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق رواں برس مارچ کے دوران آرمی چیف اور ازبکستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دھاندلی کا اعتراض اٹھائے بغیر نتائج تسلیم کرلے گی، اگر اپوزیشن ہارے گی تو وہ مان جائے گی۔
گزشتہ روز پنجاب کیلئے وراثتی سرٹیفکیٹس کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ امریکا میں صدارتی انتخاب میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نتائج چیلنج کیے تاہم انتخاب میں ای وی ایم مشین استعمال ہوئی اس لیے امریکا میں کچھ نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ سے دھاندلی نہیں ہوگی، اپوزیشن نتائج تسلیم کرلے گی، وزیر اعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








