برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں اسلاموفوبیا کا واقعہ پیش آگیا، اولڈہم کونسل کی پہلی مسلم خاتون کونسلر کی گاڑی نذرِ آتش کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عروج شاہ اولڈہم کونسل کی پہلی مسلم خاتون کونسلر ہیں جن کی گاڑی شرپسندوں نے جلا دی۔ مسلم خاتون کونسلر عروج شاہ کی گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔
مانچسٹر اولڈہم کونسل کی پہلی خاتون رہنما عروج شاہ کی گاڑی کو ان کے گھر کے باہر آگ لگا دی گئی۔ گاڑی کو نذرِ آتش کیے جانے کے دوران کونسل لیڈر عروج شاہ اپنے گھر پر موجود تھیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شرپسندوں نے عروج شاہ کی گاڑی پر آتش گیر مادہ گرا کر آگ لگائی جس کے شعلے خاتون رہنما کے قریبی گھر تک پہنچ گئے۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کی عمر 23 سال ہے۔ برطانوی پولیس نے مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ڈپٹی چیف انسپکٹر کے بیان کے مطابق یہ واقعہ اسلاموفوبیا کا نتیجہ ہے۔
پولیس ڈپٹی چیف نے کہا کہ خاتون کونسلر کی گاڑی جلانے کا واقعہ اندھا دھند اور قابلِ نفرت کارروائی ہے۔ خوش قسمتی سے عروج شاہ محفوظ رہیں اور واقعے کے نتیجے میں جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی چیف کا کہنا ہے کہ جب تک واقعے کی حقیقی وجوہات سامنے نہیں آتیں، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے تک لا کر رہیں گے۔ شرپسند عناصر کا قلعہ قمع کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مغربی ممالک کے متعدد رہنماؤں کو اسلاموفوبیا کی سنگینی کا احساس نہیں ہے جس کے خلاف عالمی برادری کو مل کر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے 14 جون کے روز کینیڈین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے قتل پر عوام حیران ہیں۔ پاکستان اپنی آئندہ نسلوں کی بہتری کیلئے سوچ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: مغربی ممالک کو اسلاموفوبیا کی سنگینی کا احساس نہیں۔وزیرِ اعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








