اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کامران ٹیسوری کی جگہ نہال ہاشمی کو نیا گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری صدر مملکت آصف علی زرداری کو ارسال کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور بطور گورنر سندھ تعیناتی پر انہیں مبارکباد بھی دی۔ نہال ہاشمی بطور گورنر سندھ وفاق اور صوبائی حکومت کے مابین پل کا کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ نہال ہاشمی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی اور سینئر رہنما ہیں جو اس سے قبل متعدد عہدوں پر اہم خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں گورنر سندھ مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ مقرر کرنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حلیف پیپلز پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی پر فوری طور پر فیصلہ کیا جائے، جس پر گورنر کی تعیناتی کی سمری ایوانِ صدر کو ارسال کی گئی ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری آج ہی گورنر سندھ کے طور پر نہال ہاشمی کی سمری کی منظوری دے دیں گے، جس کے بعد نہال ہاشمی بطور گورنر سندھ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








