آستانہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکا اجلاس سے خطاب کے دوران عالمی برادری سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے قازقستان میں سیکا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد ہے لیکن ہمارے ہاں بہت زیادہ نقصان ہوا۔ ہمیں خطے کی صورتحال اور مسائل کا اندازہ ہے، سیلاب موسمیاتی تبدیلی کے باعث آیا۔
تاریخی فیصلہ، پڑھائی میں مشکلات کا شکار بچوں کیلئے قانون منظور
خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی حدت کے باعث موسمیاتی تبدیلی دنیا بھر کو متاثر کر رہی ہے۔ پاکستان میں سیلاب سے کروڑوں افراد متاثر ہوئے جنہیں مہاجرین کی سی زندگی بسر کرنی پڑ رہی ہے۔ عالمی برادری مسائل کے حل کیلئے تعاون کرے۔
سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب کے باعث 3 کروڑ لوگ بے گھر ہوئے۔ ہزاروں کلومیٹر طویل شاہراہیں اور پل، مکانات اور سرکاری عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ پاکستان کا 50 فیصد حصہ سیلاب کے باعث زیرِ آب ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر خطے میں امن چاہئے تو مسئلۂ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کرے۔ مقبوضہ وادی میں اس وقت تک امن نہیں ہوسکتا جب تک ظلم نہ رکے۔بھارت نے 70سال سے کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق دینے سے انکار کررہا ہے۔ اقلیتوں کیلئے بھی بھارت خطرہ بن چکا ہے۔ ضروری ہے کہ بھارت نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے آگے آئے۔ ہم بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔ افغانستان جنگ سے سب سے بڑا نقصان ہمارا ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








