سیکا سربراہی اجلاس، وزیر اعظم کابینہ اراکین کے ہمراہ قازقستان پہنچ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

آستانہ: وزیر اعظم شہباز شریف روابط و اعتماد سازی تنظیم (سیکا) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے وفاقی کابینہ اراکین کے ہمراہ قازقستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کا استقبال قازقستان کے نائب وزیر اعظم نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کابینہ اراکین پر مشتمل وفد کو لے کر قازقستان کے  دارالحکومت آستانہ پہنچے۔ سیکا سربراہی اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے جس میں قازقستان چیئرمین کی حیثیت سے شریک ہے۔

جمعرات کے روز وزیر اعظم شہباز شریف چھٹی سربراہی کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کریں گے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایشیائی ممالک میں روابط، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے منفرد فورم کے طور پر کانفرنس کی اہمیت اجاگر کرینگے۔

 سربراہی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم عالمی امور اور خطے کی صورتحال کے متعلق پاکستان کے نقطۂ نظر پر روشنی ڈالیں گے اور ایشیائی کانفرنس کے رکن ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی جن کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیر اعظم کی ایشیائی کانفرنس میں شریک سربراہانِ مملکت سے ملاقاتوں کے دوران باہمی تعاون کے مختلف شعبہ جات پر گفتگو ہوگی جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت شامل ہے۔

Related Posts