پاک سعودی بزنس فورم سے سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں، وزیراعظم

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعظم
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری سے ملاقات نتیجہ خیز رہی جبکہ پاک سعودی بزنس فورم سے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر نے کان کنی، زراعت، تحفظِ خوراک اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج 27 مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے جو سرمایہ کاری میں اضافے کا آغاز ہیں۔ سعودی وزیر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے انہیں وفد سمیت پاکستان میں خوش آمدید کہا اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا جس میں خاص طورپر مشکل وقت شامل ہے جبکہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کا دورہ پاکستان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کی مضبوطی کیلئے اہم اقدام ہے جس سے دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہوگا۔

پاک سعودی بزنس فورم میں مثبت گفتگو پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سے نئی سرمایہ کاری کی راہیں کھلی ہیں۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں تیز رفتار ترقی کا ثبوت ہے۔

Related Posts