کراچی میں نوکریوں کا جھانسہ دے کر خواتین کو جسم فروشی پر مجبور کرنے والا گروہ گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

Police bust gang forcing women into prostitution through job scams
ONLINE

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے ایک ایسے پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے جو خواتین کو روزگار اور مالی امداد کے بہانے جسم فروشی پر مجبور کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں عروج، عبد الستار، عرفان، کنیز اور مسکان شامل ہیں۔ اس گروہ کی سرغنہ خاتون عروج بتائی جا رہی ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق، ملزمان غریب اور بے سہارا خواتین کو نوکری اور مالی امداد کا جھانسہ دے کر اپنے جال میں پھنسا لیتے تھے اور بعد ازاں انہیں زبردستی جسم فروشی کے دھندے میں دھکیل دیتے تھے۔

پولیس نے انکشاف کیا کہ تقریباً آٹھ سال قبل نواب شاہ کی ایک ذہنی معذور خاتون لاپتہ ہوئی تھی، جسے اس گروہ نے اپنے غلیظ مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

مزید یہ کہ گرفتار خاتون عروج نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ کئی خواتین کو مالی مدد اور ملازمت کی پیشکش کے ذریعے ورغلا کر غیر اخلاقی دھندے میں شامل کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور کیس کے مختلف پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ایسے گروہ طویل عرصے سے سرگرم ہیں جو خواتین کو نوکریوں کے بہانے استحصال کا نشانہ بناتے ہیں تاہم پولیس نے حالیہ برسوں میں ایسے نیٹ ورکس کے خلاف کئی کامیاب کارروائیاں بھی کی ہیں۔

Related Posts