پشاور میں ابابیل پولیس اسکواڈ کے اہلکار افتخار کی خودکشی قتل نکلی، حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی بیوی ہی قاتل نکلی جس نے ساس اور سالے کی مدد سے شوہر کو قتل کردیا۔
کے پی کے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا۔ بیوی، سالے اور ساس کا ملزم سے رقم کا تنازعہ تھا جس پر پولیس اہلکار کو قتل کرکے خودکشی کا رنگ دے دیا گیا۔
قبل ازیں 18اگست کو پولیس اہلکار افتخار کی خودکشی کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرنے کے بعد آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا، تاہم قتل میں ملوث ملزمہ کی والدہ اور بھائی مفرور ہیں۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے تحقیقات کا رخ بدلنے کیلئے تعویز گنڈوں سے بھی مدد لینے کی کوشش کی تاہم تفتیشی ٹیم نے جعلی پیر کے تعویذ بھی برآمد کرلیے ہیں۔
جرائم میں اضافہ کیوں؟
پاکستان کو قائم ہوئے 77 برس مکمل ہوگئے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، جرائم کی شرح کم کرنے کیلئے جس سطح کی قانون سازی، پکڑ دھکڑ، تفتیش اور نظامِ عدل و انصاف کے قیام کی ضرورت ہے، وہ مفقود نظرآتی ہے۔
حکام کا ماننا ہے کہ ملک بھر میں جرائم اور حادثات میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ نظامِ عدل و انصاف کی وہ کمزوریاں ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے کوششیں تو کی جاتی ہیں، تاہم کبھی وسائل کی کمی تو کبھی دیگر اسباب آڑے آجاتے ہیں اور جرائم میں اضافے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








