کراچی: گارڈن ہیڈ کوارٹر میں مجرموں کی سرپرستی پر بلیک کمپنی میں سزا یافتہ پولیس اہلکاروں نے نئے آئی جی سندھ رفعت مختار کی منت سماجت کی، واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بی کمپنی اہلکاروں نے آئی جی سندھ رفعت مختار سے جمعہ کے روز گارڈن ہیڈ کوارٹر میں شہید اہلکار عادل کی نمازِ جنازہ کے بعد ملاقات کے دوران کہا کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور ہمیں نااہل کردیا گیا ہے۔
لکی مروت میں پولیس وین پر حملہ، دو پولیس اہلکار شہید
ملاقات کے دوران اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے، یہاں سڑکوں پر سونے پر مجبور ہوچکے ہیں، آپ کے پاؤں پڑتے ہیں، اللہ نے آپ کو ہمارے لیے مسیحا بنا کر بھیج دیا ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ کسی کے پاؤں پڑنے کی ضرورت نہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ہم فورس ہیں، اللہ عزت دیتا ہے، اپنے آپ کو ذلیل سمجھنے والوں کو ذلیل ہونا پڑتا ہے۔ اللہ یا آزماتا ہے یا مصیبت میں ڈالتا ہے۔ تم آزمائش میں ہو یا مصیبت میں؟ ایک اہلکار نے کہا کہ ہم آزمائش کا شکار ہو گئے ہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ اللہ اپنے خاص بندوں کی آزمائش کرتا ہے۔ مصیبت غیرت سے بے بہرہ افراد پر آتی ہے۔ بعد ازاں بلیک کمپنی کے حوالے سے اعلیٰ افسران سے مکمل تفصیل طلب کر لی گئی جن کی انکوائری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق بیم کمپنی اہلکاروں اور افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے پولیس میں حاضر سروس خدمات سرانجام دیتے ہوئے منظم جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کی۔ الزامات ثابت ہونے پر پولیس اہلکاروں کو نااہل کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








