سیاسی مخاصمت یا کوئی اور وجہ؟ پنجاب نے خیبرپختونخوا کی گندم سپلائی بند کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

کے پی کے میں آٹا بحران سر اٹھانے لگا، فائل فوٹو

پنجاب حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے گندم کی سپلائی بند کیے جانے کے بعد کے پی کے میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔

مشیرِ خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے مطابق اس اقدام سے صوبے میں آٹے کی قیمت 300 روپے تک بڑھ گئی ہے، جو عوام کے لیے ایک نیا معاشی جھٹکا ثابت ہو رہا ہے۔

مزمل اسلم نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت نے اس وقت پورے ملک میں گندم کی ترسیل روک رکھی ہے، جو آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی صوبہ آئینی طور پر ملک کے اندر اجناس یا خوراک کی ترسیل نہیں روک سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے یہ مسئلہ وفاق کے سامنے اٹھایا، جس پر پنجاب کی وزیراعلیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ترسیل بحال کی گئی تو پنجاب میں مہنگائی بڑھے گی۔ مزمل اسلم کے مطابق وفاقی سطح پر تمام فورمز نے خیبرپختونخوا کے مؤقف سے اتفاق کیا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ پنجاب جلد یہ غیر آئینی پابندی ختم کرے گا۔

پنجاب کی جانب سے گندم سپلائی بند کیے جانے کے فیصلے نے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ دیگر صوبوں میں بھی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس پابندی کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو آٹے کا بحران پورے ملک میں پھیل سکتا ہے۔

Related Posts