سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کیلئے درخواست جمع کرادی ہے جس کا اطلاق جلد عمل میں لایا جائےگا۔
نجی ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5روپے فی یونٹ کے اضافے کا خدشہ ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے آئندہ مالی سال کیلئے بجلی کی خریداری کی قیمت کے تعین کیلئے نیپرا میں درخواست جمع کرائی ہے۔
نیشنل الیکٹرانک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرائی گئی درخواست میں آئندہ مالی سال کیلئے بجلی کی خریداری کی قیمت کا تخمینہ 3 ہزار 580 ارب روپے لگایا گیا ہے۔جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 300ارب زائد ہے جس کا تخمینہ 3 ہزار280ارب لگایا گیا تھا۔
الیکٹرانک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر 23 مئی کی سماعت کے بعد فیصلہ سنائے گی۔ خیال رہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5روپے فی یونٹ اضافے سے صارفین پر 310ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست میں پاور پرچیز پرائس کے 7 منظرناموں کو پیش کیا گیا۔پرچیز پرائس 25 روپے 3 پیسے سے 27 روپے 11 پیسے فی یونٹ تخمینہ لگایا گیا، منظوری کے بعد پاور پرچیز پرائس کے بوجھ میں 3.58ٹریلین روپے کے اضافے کا خدشہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








