کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی برتری، دیگر جماعتوں کی پوزیشن کیا رہی؟مکمل تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

PPP Leads Karachi By-Elections, Mixed Results in Hyderabad
ONLINE

کراچی/حیدرآباد: سندھ کے بڑے شہروں کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں جن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے کراچی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جبکہ جماعت اسلامی (جے آئی)، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور آزاد امیدواروں کو بھی اہم نشستیں ملی ہیں۔

کراچی میں مختلف یونین کونسلز میں ہونے والے انتخابی معرکوں میں پیپلز پارٹی نے مسلسل کامیابیاں سمیٹیں۔ سہراب گوٹھ یو سی 8 میں پیپلز پارٹی کے شہروز بروہی نے وائس چیئرمین کی نشست 1 ہزار 790 ووٹ لے کر جیت لی جبکہ آزاد امیدوار جلیل احمد 166 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع غربی اورنگی یو سی 7 میں جماعت اسلامی کے بلال ناصر نے جنرل وارڈ کی نشست 791 ووٹ لے کر اپنے نام کی جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار شعیب اظہر 749 ووٹ لے کر معمولی فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔ اس نشست پر مجموعی طور پر 1 ہزار 547 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

کیماڑی یو سی 8 میں پیپلز پارٹی کے فیصل موسیٰ نے وائس چیئرمین کی نشست 3 ہزار 132 ووٹوں کے ساتھ اپنے نام کی جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حسنین علی چوہان نے 1 ہزار 84 ووٹ حاصل کیے اور جماعت اسلامی کے یاسر حیات کو 796 ووٹ ملے۔

ضلع غربی ٹی ایم سی منگھوپیر یو سی 10 میں پیپلز پارٹی کے اسٹیفن مسیح نے 891 ووٹ لے کر وائس چیئرمین کی نشست حاصل کی جبکہ اے این پی کے احسان اللہ 324 اور تحریک انصاف کے آزاد امیدوار عابد خان 299 ووٹ لے سکے۔

بینظیر انکم سپورٹ اور دیگر آن لائن فراڈز پر پی ٹی اے کی عوام کو وارننگ

اسی طرح ضلع غربی ٹی ایم سی اورنگی یو سی 1 میں پیپلز پارٹی کی شہنیلہ عامر نے چیئرپرسن کی نشست 3 ہزار 801 ووٹوں سے جیت لی جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد علی 1 ہزار 787 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور جماعت اسلامی کے محمد خورشید عالم 1 ہزار 288 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

ادھر حیدرآباد کے چھ بلدیاتی نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات مکمل ہوئے جن کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی، تحریک لبیک پاکستان اور آزاد امیدواروں نے دو، دو نشستوں پر کامیابیاں حاصل کیں۔ ان انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 18 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

نتائج کے مطابق یو سی 94 میں چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ شورو نے 2 ہزار 485 ووٹ حاصل کیے جبکہ یو سی 106 میں وائس چیئرمین کی نشست آزاد امیدوار قاضی خلیل احمد نے 554 ووٹوں سے جیت لی۔

وارڈ کی سطح پر بھی سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔ یو سی 50 کے وارڈ 2 میں تحریک لبیک کے محفوظ نے 120 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ یو سی 106 کے وارڈ 3 میں ٹی ایل پی کے محمد سلیم نے 211 ووٹ حاصل کیے۔

اسی طرح یو سی 39 کے وارڈ 1 میں پیپلز پارٹی کے خادم حسین نے 279 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی اور یو سی 112 کے وارڈ 4 میں آزاد امیدوار مبشر جعفری نے 360 ووٹ لے کر نشست اپنے نام کی۔

یہ نشستیں مختلف وجوہات، بالخصوص منتخب نمائندوں کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ ماہرین کے مطابق ان نتائج نے سندھ کے شہری علاقوں میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی ہے ۔

جماعت اسلامی، تحریک لبیک اور آزاد امیدواروں کی کامیابیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ دیگر سیاسی قوتیں بھی میدان میں اپنا وجود برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

Related Posts