اسلام آباد کیپٹل پولیس کا ایک بڑا دستہ آج رات آزاد کشمیر روانہ ہوگا تاکہ وہاں 29 ستمبر کو اعلان کردہ احتجاجی مظاہروں کے دوران امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب حکام خطے میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
مجموعی طور پر 2 ہزار افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جن کا تعلق پولیس کے اہم شعبہ جات سے ہوگا۔ ان میں آپریشنز ڈویژن، سیکورٹی ڈویژن، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور اینٹی رائٹ یونٹ شامل ہیں۔
دیکھئے ویڈیو: آرمی چیف سے ملنے کی ضد، اسلام آباد کا شہری موبائل ٹاور پر چڑھ گیا
تمام اہلکاروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روانگی سے قبل مکمل اینٹی رائٹ سازوسامان کے ساتھ جمع ہوں اور رہائش کے لیے بستر وغیرہ کا بھی بندوبست کر کے پہنچیں۔
پولیس ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری ہدایات کے بعد متعلقہ یونٹس کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ اس تعیناتی کا مقصد آزاد کشمیر میں مقامی پولیس کی مدد کرنا اور احتجاجی مظاہروں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کو قابو پانے کے لیے وفاقی فورسز کی معاونت فراہم کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی تحفظ اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








