ودہولڈنگ ٹیکس: ایف بی آر کا اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

FBR to challenge Islamic council ruling on withholding tax
FILE PHOTO

اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسلامی نظریاتی کونسل کے حالیہ فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں بینکوں سے رقوم نکالنے اور منتقل کرنے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر اسلامی قرار دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اس حوالے سے قانونی تیاری مکمل کرلی ہے اور معاملہ جلد ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ روز اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کی صدارت علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کی جس میں قرار دیا گیا کہ شہریوں کے اپنے پیسے پر کٹوتی شرعی طور پر ناجائز ہے۔

پاکستان میں آج جمعرات 25 ستمبر کو سونے کی فی تولہ قیمتیں

کونسل کے فیصلے کے مطابق قرآن و سنت کی روشنی میں اس ٹیکس کے جواز کا کوئی ثبوت موجود نہیں لہٰذا اس کی وصولی غیر اسلامی ہے۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں یہ کٹوتی جائز قرار نہیں دی جا سکتی۔

دوسری جانب ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال سے جب میڈیا نے غیر رسمی گفتگو کے دوران کونسل کے فیصلے پر موقف پوچھا تو انہوں نے براہ راست جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ ادارہ اس معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔

اندرونی ذرائع کے مطابق ایف بی آر پہلے ہی اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا حتمی فیصلہ کر چکا ہے کیونکہ ودہولڈنگ ٹیکس حکومت کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ نہ صرف قانونی بلکہ مذہبی اور معاشی سطح پر بھی ایک بڑے مباحثے کو جنم دے گا کیونکہ ایک طرف حکومت کے مالیاتی مفادات ہیں اور دوسری جانب شرعی اصولوں کے مطابق عوامی اعتراضات ہیں۔

Related Posts