سابق وزیراعظم عمران خان طویل عرصے سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں سے ان کے ٹوئٹر پیغامات ہی پی ٹی آئی سمیت ملک بھر کو یہ بتاتے ہیں کہ وہ ملکی سیاست میں آج بھی متحرک ہیں، تاہم عمران خان فروری 2026 میں رہا ہوجائیں گے، یہ پیشگوئی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سیاسی منظر نامے پر پی ٹی آئی کی اہمیت وہ نہیں رہی جو ماضی میں کبھی تھی۔
تفصیلات کے مطابق معروف صحافی اور تجزیہ کار حیدر نقوی نے حال ہی میں کہا کہ عمران خان فروری میں رہا ہوجائیں گے اور درست تاریخ بعد میں بتاؤں گا، جسے ایک پر اعتماد سیاسی پیشگوئی کے طور پر دیکھا جارہا ہے جس کے ضرور کوئی نہ کوئی باخبر “ذرائع” رہے ہوں گے۔
ایسے میں یہ کہنا بھی ضروری معلوم ہوتا ہے کہ اس طرح کے بیانات اکثر پاکستان کے متحرک سیاسی ماحول میں سامنے آتے ہیں، جہاں تجزیہ کار، مبصرین اور اندرونی ذرائع بڑے سیاسی رہنماؤں کے بارے میں اس نوعیت کی پیشگوئیاں کرتے رہتے ہیں اور حیدر نقوی نے بھی ایسی ہی ایک پیشگوئی کی ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق حیدر نقوی کا یہ بیان بظاہر اس توقع کی نشاندہی کرتا ہے کہ عمران خان کے گرد قانونی یا سیاسی صورتحال کوئی بڑا موڑ لینے والی ہے، حالانکہ وہ اپنے جاری قانونی مسائل کے باوجود پاکستان کی سیاست میں ایک اہم شخصیت کے طور پر موجود ہیں۔
پوسٹ کے مطابق اس طرح کی پیشگوئی ملک میں ہائی پروفائل کیسز کے گرد موجود غیر یقینی صورت حال اور قیاس آرائیوں کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ جہاں پی ٹی آئی کے ہمدرد اس بیان کو امید افزا خبر سمجھ سکتے ہیں، وہیں مخالفین اسے محض مفروضہ یا خوش فہمی قرار دے سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








