اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہدائے پاکستان جرات و بہادری اور وطن سے محبت کی علامت ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج قومی یومِ دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 1965 میں افواجِ پاکستان نے جرات مندی سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور اس کے دانت کھٹے کردئیے۔
مادرِ وطن کیلئے فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کو ان کے حوصلے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔وطن کیلئے پاک فوج کی خدمات ہر دور میں ناقابلِ فراموش رہیں۔پاکستانی قوم کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدائے پاکستان ملی جوش و جذبے اور یکجہتی کے ساتھ منایا جارہا ہے جس کا مقصد پاک فوج اور مادرِ وطن سے محبت کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
آج سے ٹھیک 56 برس پہلے 1965 کی جنگ میں پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کردئیے، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے مادرِ وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت ناک شکست دی۔ شہدائے پاکستان کی قربانیوں کے نتیجے میں ارضِ وطن کی آزادی کی حفاظت یقینی بنائی گئی۔
مزید پڑھیں: یومِ دفاع و شہدائے پاکستان ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








