اسلام آباد :صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عید میلا النبی ﷺ کے موقع پر مسلم عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ حضور اکرم ﷺکی حرمت کو یقینی بنائیں اور توہین رسالت کے سدباب کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ مغرب میں توہین رسالت ﷺکے قابل مذمت واقعات نے پوری دنیا کے مسلمانوں کو غمزدہ کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات نے تفرقہ پیدا کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور بات چیت کے جذبے کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے بہتر طریقے سے نپٹنے اور اسلام کے حقیقی جذبے کو اجاگر کرنے کے لئے پیغمبر اکرم ﷺکی تعلیمات اور قرآن پاک کے حقیقی پیغام کو عام کرنا ضروری ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بڑھتے ہوئے خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے خاص طور پر میلاد البنی ﷺکے جلوسوں کے دوران ایس او پیز پر عمل کریں۔
صدر مملکت نے عید میلاالبنی نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر تمام اہل اسلام کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو پوری انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور انسانیت کی اصل کامیابی ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔