اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ شب فائرنگ سے زخمی ہونے والے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے نوجوان حملہ آور کی فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ ہوا جبکہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کیلئے مہم چلانے والے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم ہاؤس سے بھی مذمتی بیان جاری کردیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی عمل میں ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہماری نیک خواہشات اور ہمدردی ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر اور صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کی صحتیابی کی بھی دعا کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








