اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مجھے نئی نسل کی کامیابی پر فخر ہے جبکہ نوجوان نوکریاں پیدا کرکے معیشت کو فروغ دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کے عالمی دن کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوان نسل مستقبل کے خواب دیکھنے والی رہنما ہے۔
پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے، پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ صدر نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور ملکی ترقی کیلئے ان کے کردار کو سراہا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقعے پر ملک کے متحرک نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
نوجوان ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ نوجوانوں میں یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعے 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ نوجوان طلبہ کو ڈیجیٹل دنیا میں ہر لحاظ سے لیس ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں یوتھ بزنس پروگرام کے تحت 186 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔ منصوبے سے نوجوان کاروباری افراد کی ایک نئی نسل پروان چڑھی۔ نئی نسل نوکریاں پیدا کر رہی ہے اور معیشت کو آگے بڑھا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








