اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوگا اضافہ! حکومت نے یکدم ڈیزل کی قیمت 11 روپے 30 پیسے بڑھا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

Fuel prices likely to see huge rise for next fortnight
FILE PHOTO

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 30 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا اور اسے بدستور 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے 15 فروری 2026 تک ہوگا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق حکومت ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہے۔ قیمتوں کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کی روشنی میں کیا جاتا ہے جس میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور رواں مالی سال کے بجٹ میں مقرر کردہ ٹیکس اہداف کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق انہی معاشی عوامل کی بنیاد پر قیمتوں میں رد و بدل کیا جاتا ہے تاکہ ملکی مالی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے نتیجے میں اشیائے خور و نوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

Related Posts