خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔
فائرنگ کا افسوسناک واقعہ مانسہرہ صدر تھانے کی حدود میں واقع گاؤں متیال میں پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان جائیداد پر ہونے والے جھگڑے کے دوران دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں2 افراد ہلاک ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس نے موقع پر پہنچ کر 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ افسوسناک واقعے سے متعلق قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مانسہرہ اور گرد و نواح میں اس سے قبل بھی زمین کے تنازعات پر ایسے پرتشدد واقعات ہو چکے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد مقدمات درج کیے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








