کراچی: گزشتہ شب پنجاب چورنگی کے رہائشیوں نے طویل اور مسلسل بجلی کی بندش کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا جس کے باعث ڈیفنس روڈ اور ملحقہ علاقوں میں شدید ٹریفک جام پیدا ہو گیا۔
احتجاج کے نتیجے میں کراچی پورٹ کی جانب جانے والے مال بردار ٹرکوں اور واٹر ٹینکروں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس سے صبح سویرے کام پر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
قیوم آباد چورنگی اور کے پی ٹی برج پر بھی شدید ٹریفک کی اطلاعات موصول ہوئیں جس نے کورنگی سے آنے جانے والے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، اور اب جام صادق پل بھی شدید متاثر ہو چکا ہے۔ ڈیفنس موڑ، اختر کالونی اور دیگر قریبی علاقے مکمل طور پر ٹریفک کے دباؤ میں بند ہو چکے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف مرکزی شاہراہوں پر دھرنے روز کا معمول بن چکے ہیں۔
شہر میں روزانہ کی بنیاد پر اس نوعیت کے احتجاجی مظاہرے ہوتے ہیں جن کے باعث نہ صرف شہری زندگی مفلوج ہو جاتی ہے بلکہ اہم سڑکوں پر گھنٹوں طویل ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔
اس تمام صورتحال کے باوجود حکومت کے پاس اب تک کوئی مستقل حل موجود نہیں، جب کہ ملک طویل عرصے سے توانائی بحران کا شکار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








