اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس 1لاکھ72ہزار پوائنٹس عبور کرگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اسٹاک مارکیٹ
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری اوقات کے پہلے حصے کے دوران تیزی برقرار رہی جبکہ کے ایس ای 100 انڈیکس 1لاکھ 72 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کے روز تیزی کا رجحان رہا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور دوپہر 12بجے تک انڈیکس 1لاکھ 72 ہزار 379اعشاریہ 98پوائنٹس پر آگیا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس میں 419اعشاریہ 34 یعنی 0.24فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اہم شعبہ جات جن میں سرمایہ کاروں نے شیئرز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ان میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، کیمیکل، فرٹیلائرز اور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کے شعبہ جات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور پاور جنریشن میں بھی خریداری کی گئی۔ اسی طرح پی ایس او، حبکو، ایس این جی پی ایل، ماڑی، پی پی ایل، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک اور نیشنل بینک کے شعبوں میں بھی تجارت کا سلسلہ جاری رہا۔

اس سے قبل جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی گھی، پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز کی شرحِ منافع میں کمی، حوصلہ افزا معاشی اشاریوں اور مختلف شعبوں میں خریداری کی سرگرمیوں سے مارکیٹ میں کاروبار کی پیشرفت مثبت ہوئی تھی۔

Related Posts