کراچی میں کھلے مین ہولز اور ناقص صفائی کی صورتحال پر پاکستان پیپلز پارٹی کے اپنے کارکن بھی اب کھل کر ناراضگی کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ پارٹی کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے کیماڑی ٹاؤن میں ایک کارکن نے عوامی تحفظ کے لیے ایسا قدم اٹھایا جو نہ صرف توجہ کا مرکز بن گیا بلکہ پارٹی قیادت کے لیے بھی ایک پیغام بن کر ابھرا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ایک جیالا اپنی ہی پارٹی کا جھنڈا ایک بھانس (ڈنڈے) پر باندھ کر کھلے مین ہول میں بطور نشان دہی لگا رہا ہے تاکہ خواتین، بچے اور راہگیر کسی حادثے سے بچ سکیں۔ اس عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ کارکن نے عوامی فلاح کو پارٹی وابستگی پر ترجیح دی۔
یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب کراچی شہر، خصوصاً پرانے علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور کھلے مین ہولز شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ایسے مین ہولز میں گرنے کے باعث متعدد بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
یاد رہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے بجلی کے بلوں میں صفائی کے چارجز کی مد میں ماہانہ کروڑوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں مگر زمینی حقائق اس کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ دعووں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے تاکہ کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








