ملتان میں دریاؤں کے پانی کا بہاؤ ناپنے کے لیے گیج سسٹم نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ انہار کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر نے بتایا کہ ہیڈ محمد والا پل اور شیر شاہ پل جیسے اہم مقامات پر کیوسک جانچنے کے گیج موجود ہی نہیں جس کی وجہ سے یہاں سے گزرنے والے پانی کے بہاؤ کا صرف اندازہ لگایا جاتا ہے۔
محکمہ انہار کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کا کہنا تھا کہ ملتان کے دریائی نظام میں صرف پانی کی سطح (لیول) ناپنے کی سہولت موجود ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں سے یہی پرانا طریقہ استعمال ہو رہا ہے۔ درست اور سائنسی ڈیٹا کے لیے کیوسک گیج کا ہونا ضروری ہے جو ہیڈ تریموں کے بعد جا کر ہیڈ پنجند پر دستیاب ہے۔
ادھر دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کے باعث موضع نواب پور کی درجنوں بستیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بستی نواب پور میں سیلابی پانی نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے جہاں گھروں اور دکانوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو چکا ہے تاہم بروقت انخلا سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عوامی سطح پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر ملتان جیسے بڑے شہر میں پانی کے بہاؤ کی درست پیمائش کے لیے سسٹم موجود نہیں تو سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کیسے موثر ہو سکتے ہیں؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








