سوشل میڈیا کے خودساختہ سُپر اسٹار چاہت فتح علی خان کو لندن میں اپنے مداحوں سے ملاقات مہنگی پڑ گئی جب ایک عوامی تقریب میں اُن پر اچانک انڈوں کی بارش ہو گئی۔
یہ دلچسپ اور کچھ کے لیے افسوسناک واقعہ لندن میں پراٹھا اسٹاپ نامی تقریب میں پیش آیا جہاں خان صاحب اپنے مخصوص انداز میں مداحوں سے گھل مل رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک چند ناقدین نے انڈے نکالے اور گلوکار کی جانب نشانہ لگا کر پھینک دیے تاہم خوش قسمتی یا بدقسمتی سے کچھ انڈے ہدف پر بھی لگے۔
واقعے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے تبصروں کا انڈوں جیسا سیلاب بہا دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ بدو بدی کے بعد اب انڈو پڑی کی قسط جبکہ کچھ نے واقعے کو افسوسناک کہا تو کئی نے طنزیہ انداز میں اسے عوام کا ریئل ٹائم ریویو قرار دے دیا۔
چاہت فتح علی خان جنہوں نے اپنے گانے بدو بدی کے ذریعے یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر 27 ملین ویوز حاصل کیے اب خود کو لائیو پرفارمنس کے بجائے لائیو انڈے تھرو میں گھرا پا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جون 2024 میں ان کا گانا یوٹیوب نے کاپی رائٹ شکایت پر ہٹا دیا تھا جس پر چاہت صاحب نے افسوس کا اظہار کیا تھا لیکن ان کے مداحوں نے اس گانے کو اتنی بار شیئر کیا کہ سوشل میڈیا پر یہ پھر بھی چھایا رہا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ چاہت صاحب اپنی اگلی پرفارمنس کے لیے ہیلمٹ پہن کر اسٹیج پر آتے ہیں یا انڈہ پروف جیکٹ کے ساتھ؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








