وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑا حکم دے دیا۔ مریم نواز کے احکامات پر اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس کے مسافروں کو ٹکٹ خریدنا نہیں پڑے گا۔گرین الیکٹرو بس میں بھی سفر کے دوران شہریوں کا سفر مفت ہوگا۔ ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دنیا ایران جنگ کے باعث عالمی معاشی بحران کا شکار ہے۔ حالات کی بہتری کےس اتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائی جائے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ماہ میں اربوں کا ریلیف دے کر عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی اور بد ترین معاشی صورتحال میں ریلیف دیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ 1 ماہ کیلئے مفت کردی ہے۔ وزارتِ داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کیلئے 35 کروڑ روپے کا بوجھ خود برداشت کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








