لاہور: پنجاب کی مریم نواز حکومت نے صوبے کے 8 اضلاع میں 3 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ شہروں کے ناموں اور پابندیوں کی فہرست بھی جاری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز حکومت نے پنجاب کے 8 اضلاع میں 3 روز کیلئے دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لاتے ہوئے ہر قسم کے سیاسی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس دوران کسی قسم کے دھرنوں یا جلسوں کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی حکومت کے احکامات پر محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت پنجاب کے تاریخی شہر ملتان، شاہیوال، سرگودھا، وہاڑی، گوجرانوالہ، وزیر آباد، پاکپتن اور اوکاڑہ میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنوں، جلسوں، مظاہروں، احتجاج اور نعرے بازی پر پابندی عائد کردی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ آج سے 12 اکتوبر بروز ہفتہ تک پابندی کا اطلاق ہوگا۔
دوسری جانب ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ متعلقہ شہروں کی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا۔ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر عوامی اجتماعات دہشت گردوں کیلئے آسان ہدف ہوسکتے ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خدشے کے باعث صوبے کے اہم شہروں میں قیامِ امن، انسانی جان و مال کے تحفظ کیلئے حکومت کی جانب سے یہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس دوران مختلف سیاسی سرگرمیاں بند رہیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








