وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے پیشِ نظر تین روزہ عام تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ سپریم کورٹ میں بھی 3 روز تک چھٹی ہوگی جبکہ تعلیمی ادارے 5 روز تک بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقعے پر 14 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک مسلسل تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے جو راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں پر نافذ ہوگا۔ فیصلے کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف نے دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تین روزہ تعطیلات کی منظوری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ تعطیلات کا یہ نوٹیفکیشن وفاقی کابینہ ڈویژن نے جاری کیا۔ تعطیلات کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا پر امن انعقاد یقینی بنانا ہے۔
ایس سی او اجلاس کے موقعے پر دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت اسلام آباد پہنچیں گے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی احتجاج کے باعث بھی امن و امان کا مسئلہ ہوا جس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے پاک فوج، رینجرز اور پولیس سمیت تمام تر سکیورٹی فورسز کی خدمات حاصل کی تھیں۔
اجلاس کے موقعے پر اعلان کردہ 14، 15اور 16اکتوبر کی تعطیلات کے موقع پر راولپنڈی اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی دفاتر، اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ عام تعطیلات کا اعلان غیر ملکی مہمان شخصیات کی موجودگی میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے کیا گیا ہے۔ اس دوران ریڈ زون کا علاقہ بھی مکمل طور پر بند رہے گا۔
اپ ڈیٹ
نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کے مطابق اے/او لیول امتحانات منعقد کرنے والے ادارے کھلے رہ سکیں گے، ان کے امتحانات کا انعقاد اسلام آباد کے 3 سینٹرز میں ہوگا۔ای الیون، نور محل جی ٹی روڈ اور ایچ ایٹ امتحانی مراکز کھلے رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق جڑواں شہروں میں تعلیمی ادارے 5 روز کے لیے ہفتہ 12 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک بند رہیں گے۔ڈی سی اسلام آباد کے مطابق باقی تعلیمی ادارے اجلاس کے ایام میں مکمل طور پر بند رہیں گے۔ایس سی او کانفرنس کے موقع پر سپریم کورٹ میں بھی تین روز تک چھٹی ہوگی۔
وفاقی کابینہ کابینہ سیکرٹریٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 14 تا 16 اکتوبرچھٹی ہوگی جب کہ سپریم کورٹ کی لاہور،کراچی، پشاور اور کوئٹہ رجسٹریوں میں بینچ کام کریں گے۔ایس سی او اجلاس کے بعد چھٹیاں ختم ہوجائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








