ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ کراچی کے ندی نالے اوور فلو ہو گئے جبکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ آمدورفت کیلئے کشتیاں استعمال کی جانے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح سے ایک بار پھر کراچی میں ہلکی پھلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لانڈھی، کورنگی اور ڈیفنس میں بارش کے باعث سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔ گلی محلے اور بازاروں نے ندی نالوں کا روپ دھار لیا۔
نواز شریف اور فضل الرحمان کا قومی اسمبلی تحلیل نہ کرنے پر اتفاق
مختلف سڑکوں کے انڈر پاسز پانی سے بھر گئے۔ شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل پانی میں مکمل طور پر ڈوب گئے۔ کورنگی ندی میں طغیانی کے باعث گلشنِ حدید، سومار گوٹھ اور جوکھیو گوٹھ زیرِ آب آگئے۔ محمود آباد نالہ بھی اوور فلو ہوگیا۔
محمود آباد نالے کا پانی ایڈمن سوسائٹی میں داخل ہوگیا۔ پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کورنگی کاز وے ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہے۔ اسٹیڈیم روڈ، ڈیفنس اور اختر کالونی کو جانے والی سڑک زیرِ آب آگئی۔شادمان ٹاؤن نالے سے منسلک سڑک بند کردی گئی۔
ٹاور سے لے کر تبت سینٹر تک سڑکیں پانی میں مکمل طورپر ڈوب گئیں۔ کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ راولپنڈی میں گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔ جامع مسجد روڈ، کالج روڈاور صدر میں گاڑیاں تیرنے لگیں۔
ٹھٹھہ میں بھی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ گھارو کے پہاڑی علاقوں میں برساتی ریلے سے شہر مکمل طور پر ڈوب گیا۔ شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔حب میں بھی سیلاب کی سی صورتحال ہے۔کراچی سے بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش نے تباہی مچا دی۔ گجرات کی سڑکوں اور بازاروں میں پانی بھر گیا۔ گاڑیاں اور موٹر سائیکل جواب دے گئے۔ اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی بلند ترین سطح 1ہزار750فٹ پر پہنچ گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








