ایشیا کپ کیلئے ون ڈے انٹرنیشنل کے میچز پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے جارہے ہیں جبکہ اس دوران پاکستان اور بھارت جو طویل عرصے بعد آمنے سامنے آئے، اس ہائی وولٹیج میچ کا سارا مزہ بارش نے کرکرا کردیا۔
میچ بے نتیجہ ختم ہونے کے باعث پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کے کروڑوں شائقین مایوس ہوئے جبکہ ایشیا کپ کے دیگر میچز پر بھی بارش کا مہیب سایہ چھایا ہوا محسوس ہوتا ہے اور سری لنکا کے بارش سے متاثرہ علاقے میں میچز کے انعقاد پر کافی تنقید بھی کی گئی۔
ماہرینِ موسمیات کی جانب سے یہ پیشگوئی پہلے ہی سامنے آچکی تھی کہ ایشیا کپ کے دوران سری لنکا میں بارش ضرور ہوگی، اس کے باوجود تمام رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز غالباً بھارت کے دباؤ کے باعث ایشیا کپ کے میچز سری لنکا منتقل کرنے پر رضامند ہوگئے۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں موسلا دھار بارش ہوئی جہاں ایشیا کپ کے باقی میچز کھیلے جائیں گے۔ ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 15روز تک کولمبو میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ایشیا کرکٹ کونسل میچز کو جنوبی شہروں میں منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے لیکن یہ فیصلہ اتنا آسان نہیں ہوگا جس کی راہ میں متعدد عوامل حائل ہیں۔
پاکستان بھی ایشیا کپ کا میزبان ہے لیکن یہاں صرف چار میچ کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل سمیت باقی میچز سری لنکا میں کھیلے جا رہے ہیں۔ میچز کے مقامات بھارت کی جانب سے پاکستان کا رُخ نہ کرنے کی وجہ سے بدلے گئے تھے حالانکہ حالیہ برسوں میں تمام بڑی غیر ملکی ٹیمیں ملک کا دورہ کر چکی ہیں۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف پاکستانی شائقین اپنے ہوم گراؤنڈز پر معیاری کرکٹ دیکھنے سے محروم رہے بلکہ اس کے نتیجے میں ایشیا کپ کا مکمل ایونٹ ہی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اگر یہ میچز پاکستان میں ہوتے جہاں آسمان صاف اور موسم خشک ہوتا تو نتائج مختلف ہوتے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ ہم نے متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کے انعقاد کا مشورہ دیا لیکن بھارتی ٹیم نے انتہائی گرم موسم کی شکایت کی حالانکہ آئی پی ایل کو 2020 میں اسی ماہ کے دوران منتقل کیا گیا تھا۔ اس کی بجائے شائقینِ کرکٹ کو بارش سے متاثرہ میچز دیکھنا ہوں گے جو پورے ٹورنامنٹ کو متاثر کرسکتے ہیں۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارت کے کرکٹ بورڈ نے میچز کے مقامات پر منفی اثر ڈال کر ایشیا کپ کو بہت حد تک تباہ کردیا ہے۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کو بچانے کے لیے ہائبرڈ ماڈل متعارف کرایا تاہم بھارت کی جانب سے اثر و رسوخ کے استعمال کے باعث ایشیا کپ کے میچز لطف سے محروم رہیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں