اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں جمعرات کے روز بادلوں کی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں تک اسی طرح کے موسم کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مضبوط مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر رہا ہے اور توقع ہے کہ یہ بالائی علاقوں میں ہفتہ کی صبح تک برقرار رہے گا۔
ان موسمی حالات کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ چند مقامات پر شدید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس دوران کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ بلوچستان میں بھی کہیں کہیں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔
جمعہ کے روز بھی جڑواں شہروں، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور حویلی میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے، سڑکوں کی بندش اور پھسلن پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت جمعہ کے روز 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہفتہ کے روز 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








