عمران خان مخالفین کی دوائیں تک بند کروا دیتے تھے۔ رانا ثناء اللہ کا انکشاف

تازہ ترین

تازہ ترین

رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان مخالفین کی دوائیں تک بند کروا دیا کرتے تھے۔ قوم کو بتانا ہوگا کہ 2014 میں دھرنا کیوں دیا؟

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز قائم کروائے، انہیں سچے کیسز کا سامنا کرنا ہوگا۔وہ مخالفین کی دوائیں بند کروا دیتے تھے۔ 

یہ بھی پڑھیں:

بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز تعیناتی کی منظوری 

عمران خان کے گزشتہ روز کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ انہیں دیوار سے لگانا بند نہ کیا گیا تو سب کچھ قوم کو بتائیں گے۔ کیا انہیں جیل میں بند کیا گیا ہے؟

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کیا عمران خان کا اے سی کسی نے اتارا؟ پنکھا بند ہوا یا ادویات روک دی گئیں؟ لیکن سابق وزیر اعظم یہی سب کچھ اپوزیشن کے ساتھ 3سال تک کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اہلیہ کے نام پر 458اراضی بھی لے لی۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے فرح گوگی کے نام پر 200سے زائد کنال کی اراضی لی۔ کیا آپ پوچھ گچھ سے پریشان ہیں؟ اچھا ہے کہ قوم کو بتائیں، 2014 میں دھرنے کیوں دئیے؟ ابھی تو سوالات پوچھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوال کیا جارہا ہے کہ پنجاب سے جو رقم اکٹھی ہوتی تھی، وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچتی تھی یا بنی گالہ؟ اراضی اسکینڈل میں رجسٹری اور اقرار نامے سمیت سب چیزیں موجود ہیں۔ 5 ارب کا غبن ہوا ہے۔

عدلیہ سے اپیل کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ میرے کیس کا سوموٹو لیا جائے۔ عمران خان بتائیں کہ 15کلوہیروئن کس کی تھی؟ اگر میری ثابت ہوجائے تو عدالت مجھے کڑی سزا دے۔ کیا ڈی چوک پر بیٹھنے نہ دینا ہراسگی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے میرے خلاف سزائے موت کا کیس بنوایا۔ فرح گوگی پر تو صرف سوال ہوا۔ ایک ڈاکو بینک میں ڈاکہ ڈالتا ہے اورکہتا ہے کہ میری ویڈیوکیوں بنائی؟ گزشتہ حکومت کی کرپشن پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مقدمات درج ہونے کا مرحلہ باقی ہے۔ عمران خان بنی گالہ میں بیٹھے دھمکیاں دے رہے ہیں۔ کیا انہیں گھر کا کھانا نہیں دیا جارہا؟آپ کو یہ بات کرتے ہوئے کہ دیوار سے لگایا جارہا ہے، شرم آنی چاہئے۔ آپ کے ساتھ تو وہ نہیں ہورہا جو آپ کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا معلومات دینے یا سوال کرنے سے عمران خان تنگ ہورہے ہیں؟کیا آپ کی بہن بیٹی گرفتار ہوئی؟ویسے تو موصوف اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد خود سوال کا جواب دیں گے، لیکن اگر آپ بتا دیں گے تو قوم کیلئے تصدیق ہوجائے گی۔

کیا عمران خان کو بدمعاشی سے روکنا تنگ کرنا تھا؟رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ سب کچھ بتا دوں گا۔ اگر آپ سب کچھ بتانا چاہتے ہیں تو قوم کو کرپشن کا بھی بتائیں۔اگر ان سے کرپشن کا سوال یا انکوائری کرو تو وہ ملک سے غداری بن جاتی ہے۔

Related Posts