لندن: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلانے پر عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہئے جبکہ نواز شریف نے ہمیں برطانیہ مشاورت کیلئے بلایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال اہم رخ اختیار کر گئی ہے۔ عمران خان ملک میں سیاسی عدم استحکام لانا چاہتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں تو آنا ہی نہیں چاہتے۔
سیاسی جماعتوں نے نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے نام اسپیکر کو بھجوا دیے
گفتگو کے دوران وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان گند کرنا چاہتا ہے۔ اس کے کرتوت سامنے آگئے، انہوں نے اداروں کو بلیک میل کیا اور اپوزیشن پر جھوٹے مقدمے قائم کیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کا پورا توشہ خانہ چوری کرکے بیچ دیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہا ہے جس کی گرفتاری ہونی چاہئے، اس کا ایجنڈا ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ قومی اسمبلی آئینی مدت پوری کرکے رہے گی۔ حکومت پنجاب کے الیکشن کیلئے تیار ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب کا اگلا وزیرِ اعلیٰ ن لیگی ہوگا۔ انتخابی ٹکٹ ان کو دیا جائے گا جو ہمارے ساتھ کھڑے رہیں۔ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبر تھے۔ ہم ناکام نہیں ہوئے۔ پرویز الٰہی بھی کہتے تھے کہ لوگ اسمبلی توڑنا نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ میں مریم نواز کی قیادت میں کام کرنے کو تیار ہوں، مسلم لیگ (ن) پنجاب کی صدارت میرے پاس ہے۔ استعفیٰ مانگا گیا تو نواز شریف کو دے دوں گا۔ سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف وطن واپس آئیں گے تو ان کا استقبال فقید المثال ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








