قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ون ڈے کپتان محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ مرکزی معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رضوان نے بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اس فیصلے کی وجہ سے آگاہ کیا جائے جس کے تحت انہیں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے باہر رکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق تمام دیگر کھلاڑیوں نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، تاہم محمد رضوان نے اب تک اپنے دستخط نہیں کیے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے 30 قومی کھلاڑیوں کو نیا سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیا ہے جس میں محمد رضوان کو دس دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کیٹیگری بی میں شامل کیا گیا ہے جبکہ کسی کھلاڑی کو کیٹیگری اے میں نہیں رکھا گیا۔
وکٹ کیپر بیٹر رضوان نے معاہدے پر دستخط سے انکار کرتے ہوئے بورڈ سے وضاحت طلب کی ہے کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے کیوں خارج کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رضوان نے بورڈ کے سامنے چند شرائط بھی رکھی ہیں، مگر پی سی بی نے ان میں سے کسی شرط کو قبول نہیں کیا، اور بظاہر ایسا کوئی امکان نظر نہیں آتا کہ بورڈ ان مطالبات کو منظور کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








